مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیض آباد دھرنے والوں کو وہی لے کر آئے تھے جنہوں نے نواز شریف کے خلاف سازش شروع کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے میں جھول ہوتا تو یہ ساری باتیں نہ ہوتیں، فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عمل درآمد ہونا چاہیے، پیسے دینے والی ویڈیو ہی ثبوت ہے کہ کون لے کر آیا اور کون لے کر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کا مقصد کسی طرح نواز شریف کی واپسی کا راستہ بند کرنا تھا، یہ ساری فلم چلی جس میں پانامہ اور دیگر چیزیں بھی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز قید ہوئیں، نتیجے میں الیکشن میں پی ٹی آئی کو کامیاب کرایا گیا۔
سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹی قیادت نے محسوس کیا کہ اس وقت توسیع کے فیصلے کے ساتھ جانا چاہیے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا آپ جون میں پنجاب کی حکومت اور دسمبر تک وفاقی حکومت لے لیں، جن سے میری ملاقات ہوئی انہوں نے کہا کہ ہم نے اسے (عمران خان کو) بہت برداشت کرلیا۔