ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں سجاوٹ کی گئی ہے، آج نعتیہ محافل، سیرت النبیؐ کانفرنسز کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔
جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 12 ربیع الاول کو 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔
جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عید میلاد النبیﷺ شام 5 بجے نشتر پارک میں علامہ شاہ عبد الحق قادری کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔
جلسے سے جید علمائے کرام خطاب و قراردادیں پیش کریں گے، نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں ادا کی جائے گی، میلا د النبیﷺ کے مرکزی جلوس اور جلسہ کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دیں گے۔
شہر کی مساجد گلیوں چوراہوں کو انتہائی خوبصورتی سے رنگ برنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے شہر بھر میں گنبد خضرا کی تصاویر پینا فلکس، اونچی عمارتوں پر نعلین مبارک کے نقش مبارک لگائے گئے ہیں۔
لاہور میں میلادالنبیؐ کا جلوس نوری مسجد ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔
گوجرانوالہ میں عید میلادالنبیؐ کے موقع پر 100 من کھیر تیار کی گئی، آج لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔
لاہور میں دن کے آغاز پر ایوب اسٹیڈیم کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔