نیویارک:امریکی خلائی ادارے ناسا کا نیا اسپیس شپ خلاء میں مسئلے کا شکار ہوگیا۔ دو کروڑ ڈالر مالیت کے اس اسپیس کرافٹ کو در پیش مسئلے کو دور کرنے کے لیے زمین پر انجینئر بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
ایجنسی کا ایڈوانس کمپوزِٹ سولر سیل سسٹم (اے سی ایس 3) کو مسئلے کا سامنا اس وقت ہوا جب خلاء میں وہ اپنے پردے کھول رہا تھا۔
انجینئروں نے اسپیس کرافٹ میں پردے کو سہارا دینے والے ایک بیم کو معمولی سا مُڑا ہوا پایا جو اس کی تیرنے کی صلاحیت کو متاثر کر رہا ہے۔
انجینئرز کے نقصان کا تعین کرنے کے دوران ناسا نے اے سی ایس 3 کے ایٹیٹیوڈ کنٹرول سسٹم (جو اسپیس کرافٹ کی سمت پر قابو رکھتا ہے) کو بند رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اسپیس کرافٹ اس وقت بے لگام خلاء میں گھوم رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس مشن میں نئی اسپیس فلائٹ ٹیکنالوجی کو آزمایا جا رہا ہے جو پروپلژن کے لیے سورج کی روشنی کا دباؤ استعمال کرتی ہے، بالکل اس ہی طرح جیسے بادبانی کشتی ہوا کے دباؤ سے سمندر پر تیرتی ہے۔