ڈھاکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز لیگ اسپنر مشتاق احمد کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایک مرتبہ پھر اپنی قومی ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیا۔
بی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ مشتاق احمد جنوبی افریقہ کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں دستیاب ہوں گے اور اس کے بعد سیریز سے سیریز کی بنیاد پر ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیشی بورڈ ان کے ساتھ سال آخر تک طویل مدتی معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے تاہم یہ ان کی دستیابی سے مشروط ہے۔
مشتاق حمد نے 19 اکتوبر کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیم کے تربیتی سیشن میں حصہ لیا اور متحرک نظر آئے جہاں انہوں نے ٹیم کے نئے کوچ فل سمنز کے ساتھ کھلاڑیوں کی رہنمائی کی، فل سمنز کو سری لنکا سے تعلق رکھنے والے چندیکا ہتھوروسنگھے کی معطلی کے بعد نیا کوچ بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مشتاق احمد ٹی20 ورلڈ 2024 اور پاکستان کے خلاف سیریز میں بنگلہ دیش ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ تھے تاہم بھارت کے خلاف حالیہ سیریز میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ان کی واپسی بنگلہ دیش ٹیم کی تیاری کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے اور یہ سیریز چھٹوگرام میں 21 اکتوبر کو شروع ہوگی۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس سیریز کے بعد افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کھیلے گی تاہم دونوں سیریز کے لیے مشتاق احمد کی خدمات کا انحصار ان کے شیڈول اور بی سی بی کی ضرورت پر ہے۔