ممبئی: ماضی کی معروف بالی ووڈ اداکارہ و سیاستدان ارمیلا مٹونڈکر نے شادی کے 8 سال بعد اپنے شوہر محسن اختر سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ارمیلا مٹونڈکر اور محسن اختر کی طلاق کی افواہیں گردش کررہی ہیں جبکہ اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی ایک عدالت کے ذرائع نے بتایا کہ ارمیلا نے اپنے شوہر محسن اختر سے طلاق لینے کے لیے عدالت میں درخواست کردی ہے جبکہ علیحدگی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔
ذرائع نے بتایا کہ ارمیلا اور محسن اختر کے درمیان طلاق باہمی رضامندی سے نہیں ہورہی ہے بلکہ یہ فیصلہ صرف اور صرف ارمیلا کا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ارمیلا اپنے شوہر سے طلاق کے بعد اپنے کام پر توجہ دینا چاہتی ہیں، وہ فلموں میں واپسی کرنا چاہتی ہیں جبکہ یہ دونوں گزشتہ کافی عرصے سے الگ رہ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ارمیلا مٹونڈکر اور محسن اختر نے فروری 2016 میں شادی کی تھی اور اس شادی پر بالی ووڈ انڈسٹری سمیت مداح بھی کافی حیران ہوئے تھے کیونکہ دونوں کا مذہب مختلف تھا اور محسن اختر کا تعلق بھی مقبوضہ کشمیر سے ہے۔
محسن اختر اپنی اہلیہ ارمیلا سے دس سال چھوٹے ہیں جبکہ پیشے کے اعتبار سے وہ ایک کشمیری بزنس مین اور ماڈل ہیں، دونوں کی پہلی ملاقات سال 2014 میں ڈیزائنر منیش ملہوترا کی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں ہوئی تھی۔