راولپنڈی :بانی تحریک انصاف نے پریکٹس پروسیجر کمیٹی پر جسٹس منصور علی شاہ کے موٴقف کی تائید کردی۔عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار امپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی عیسیٰ دوسرا بلے باز ہے ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے سے سب واضح ہو گیا، چیف الیکشن کمشنر جانبدار امپائر ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کا اوپنر بلے باز ہے، قاضی عیسی دوسرا بلے باز ہے ، ان کی تمام حرکات مفادات کا ٹکراوٴ ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ انہیں دو تہائی اکثریت مل جائے اور امپائروں کو توسیع ملے، واضح ہو گیا کہ قاضی فائز عیسی لندن پلان کا حصہ تھا ، قاضی فائز عیسی نے قوم کے ساتھ فراڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نو مئی اور 8 فروری کی درخواستیں قاضی فائز عیسیٰ نے نہیں سنیں، قاضی فائز عیسی ٰنے ہماری چار نشستیں کم کر دی ،ہر حربے کے ذریعے ہماری نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے، ہماری کوئی بھی پٹیشن نہیں سنی جا رہی سب کچھ بے نقاب ہو گیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تھرڈ امپائر ان کی پشت پر ہے اس کو بھی توسیع ملے گی، یہ ایک گروپ بنا ہوا ہے، نیب ترامیم کا کیس چل رہا تھا تب بھی کہا لیکن ہمیں نہیں سنا گیا، الیکشن سے پی ٹی آئی کو باہر رکھنا اور پارٹی کو اڑا دینا انکی کوشش تھی، اب سب بے نقاب ہو چکا ہے سارے پردے ہٹ چکے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ زبردست ججز راستے میں آئے مگر ان کو ہٹا دیا گیا ، اعجاز الاحسن اور مظاہر نقوی کو قاضی فائز عیسیٰ نے باہر کر دیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ خود قاضی فائز نے بنوایا اور پھر تبدیل کر دیا ، چیف جسٹس اس قانون سازی سے اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم کر نا چاہتا تھا، اس قانون سازی سے جمہوری طریقے سے کیس لگنے کی خلاف ورزی کی گئی، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے حوالے سے منصور علی شاہ نے بالکل ٹھیک موقف اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر حملے کے خلاف جمعرات کو احتجاج کریں گے ، جمعہ کو ہمارا اپنا احتجاج ہے اور ہفتے کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے ، جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے، ماتحت عدلیہ مکمل طور پر ان کے کنٹرول میں ہے، جو جج کنٹرول نہیں ہوتا اس کو ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے، جج نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ دینے لگا تو اس کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کی خبریں ہیڈ لائین بنتی ہیں ، دنیا میں کہیں بھی فوجی افسر کی تعیناتی پر خبریں نہیں چھپتیں، یہ صرف ہمارے ملک میں ہوتا ہے حالانکہ انکا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوتا ، پاکستان مکمل طور پر پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، یہ وہ مارشل لاء ہے جو ضیا اور مشرف کے مارشل لاء سے بھی سخت ہے، مشرف کے دور میں بڑے بڑے جلسے کیئے لیکن کبھی ہمارے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔