اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی ملاقات ہوئی جس میں چین خصوصا صوبہ سنکیانگ کے ساتھ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کے وزیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت دے دی۔
وفاقی وزیر داخلہ سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات ہوئی ، وزارتِ داخلہ آمد پر محسن نقوی نے چین کے وزیر اور وفد کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد سمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ، انسداد دہشتگردی کے ضمن میں گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ مشقیں کرانے کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پر بھی اتفاق ہوا جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے جلد پاکستانی وفد ، صوبہ سنکیانگ کا دورہ کرے گا۔
چین کے وزیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت دے دی۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں صوبہ سنکیانگ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے ساتھ ہماری چھ سو کلومیٹر کی طویل سرحد ہے، سی پیک کا منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ منشیات، اسلحہ، سازوسامان اور ہر قسم کی سمگلنگ کا مکمل سدباب کیا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی وفد کے دورے سے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کی نئی راہیں سامنے آئیں گی، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر چینی وزیر چن مینگوو کاکہنا تھا کہ دہشتگردی مشترکہ مسئلہ ہے، سنکیانگ بھی کئی سالوں تک دہشتگردی کا شکار رہا، پاکستان انسداد دہشتگردی کے ضمن میں سنکیانگ کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔