اسلام آباد:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہاہے کہ افغان طالبان کی غلطیاں اپنی جگہ لیکن افغانستان کے اندرونی اور بیرونی مسائل مشترکہ حکمت عملی اور متفقہ اقدامات لینے سے ہی حل ہوسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے آغاز کے موقع پرپاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وائس آف امریکہ کو ایک انٹرویو میں کہناتھاکہ پاکستان کسی صورت میں افغان طالبان کو تنہا کرنے کی پالیسی کا حامی نہیں ہوگا اور یہ کہ افغان حکومت کی غلطیوں کی سزا افغانستان کی عوام کو نہیں ملنی چاہئے۔
منیر اکرم نے کہاکہ طالبان حکومت کے ساتھ “جہاں ہمیں ایکشن لینے کی ضرورت ہے وہ اپنی سیکورٹی کے لئے ہم لے رہے ہیں جہاں ہمیں سفارت کاری کی ضرورت ہے وہاں ہم سفارتی عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح معاشی و سماجی ترقی ہے، دوسری ترجیح کشمیر اور فلسطین کے عالمی مسائل اور افغانستان کی صورتحال ہے. وزیر اعظم شہباز شریف کے خطاب میں ان امور پر توجہ دلائی جائے گی۔