کراچی:پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ جویریہ عباسی نے دوسری شادی کے تقریباً ساڑھے 5 ماہ بعد نکاح کی خوبصورت و دلکش تصاویر شیئر کر دیں۔
بیٹی عنزیلہ عباسی کی شادی کے چند ماہ بعد دوسری شادی کرنے والی 52 سالہ اداکارہ جویریہ عباسی ان دنوں سوشل میڈیا پر اپنی دوسری شادی کے حوالے سے زیرِ موضوع ہیں۔
اب انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کا تجسس ختم کرتے ہوئے اپنے نکاح کی تصاویر و ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مختلف تصاویر و ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں انہیں دلہن بنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے نکاح کے موقع پر شربتی و سُنہرے رنگوں کے امتزاج کا عروسی جوڑا ہلکے میک اپ کے ساتھ زیب تن کیا، جس سے ان کے حسن کو چار چاند لگ گئے۔
انسٹاپوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی سے خوش اور مطمئن ہیں۔
خیال رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی 1997ء میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، ان کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہیں جن کی شادی انہوں نے گزشتہ برس کی ہے۔
اداکارہ جویریہ عباسی اور شمعون عباسی کی شادی کے 12 برس بعد 2009ء میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔
انہوں نے رواں سال مئی میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہوں نے جولائی میں بتایا کہ میں نے 3 ماہ قبل نکاح کر لیا ہے۔
گزشتہ شب جویریہ عباسی نے اپنے نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، جس کے بعد ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔