راولپنڈی: احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی جبکہ ملزمان کے وکلا نے استغاثہ کے آخری گواہ پر جرح کی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سینٹرل جیل اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے چوہدری ظہیر عباس اور عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ جبکہ نیب کی جانب سے امجد پرویز اور سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آج وہ نیب کے آخری گواہ پر جرح کریں گے، جس کے بعد وکلا نے نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح جاری رکھی۔
عدالت نے وکلا صفائی کی مزید جرح کے لیے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔