اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت رات کے اندھیرے میں جو آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے اس کے نمبر پورے نہیں ہوئے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین پاکستان کا حلف اٹھایا ہے، درست کو درست اور غلط کو غلط کہیں گے، بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنی ایک ایک بات پر کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی دوبارہ اس ایوان میں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بلاول بھٹو کو دیکھ کر 1958 کی وہ تصویر یاد آگئی، اس تصویر میں بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو میرے دادا یوب خان سے وزیر کا حلف لے رہے تھے، بلاول بھٹو نے میرے قائد کے حوالے سے جو باتیں کیں انہیں مسترد کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی کیخلاف بلاول کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان اور مسلم امہ کے لئے کھڑے ہوئے ہیں، مجھے اپنے ساتھیوں پر فخر ہے جو قربانیاں دے رہے ہیں، ہم لوگ ناانصافیوں کے خلاف سینہ تان کر کھڑے ہیں۔
انہوں نےمزیدکہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں 566 ارب روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں، یہ صرف ایک سال کی کرپشن ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کام ہے کہ ہم اپنا کردار ادا کریں، جو بد عنوانیاں ہوئی ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے، کرپشن میں ملوث افراد کو حراست میں کیوں نہیں لیا گیا۔
ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں سے متعلق ایوان میں بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے مزید کہا کہ کون سے اداروں کے اہلکار تھے جو پارلیمنٹ میں داخل ہوئے، ہم سارجنٹ ایٹ آرمز کی معطلی سے مطمئن نہیں ہوں گے۔