راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ علی امین کے افغانستان سے مذاکرات کے بیان کی تائید کرتا ہوں۔ وزارت خارجہ کے مینڈیٹ کو چھوڑیں وہ دہشت گردی ختم کرنے کی بات کر رہا ہے یہ احمقانہ بیان دے رہے ہیں علی امین بالکل ٹھیک بات کر رہا ہے
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی افغانستان سے بات چیت اور امن قائم کرنے کی کوشش کی تائید کرتا ہوں ان کو جاکر علی امین کے پاوٴں پکڑنے چاہیے اور کہنا چاہیے خدا کا واسطہ ہے افغانستان سے جاکر بات کرو۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وزارت خارجہ کے مینڈیٹ کو چھوڑیں وہ دہشت گردی ختم کرنے کی بات کر رہا ہے یہ احمقانہ بیان دے رہے ہیں علی امین بالکل ٹھیک بات کر رہا ہے۔ وفاق کراس بارڈر دہشت گردی کی بات کر رہا ہے لیکن کچھ کر بھی نہیں رہا اگر دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو ہماری ”اکانومی چوک“ کر جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراس بارڈر دہشت گردی روکنا وفاق کا کام ہے علی امین نے کون سی غلط بات کی؟ کے پی میں حالات خراب ہیں پولیس والے خود کو بچا رہے ہیں کے پی میں پولیس کا معاملہ بغاوت تک پہنچ چکا ہے ڈنڈا لے کر ملک سمیت سب کچھ ٹھیک کرنے کی فکر کرنے والے کو کہتا ہوں آپریشن مسئلے کا حل نہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی بھی ایکسٹینشن کا ساتھ نہ دینے کا مولانا فضل الرحمان کا بیان قابل ستائش ہے، علی امین غائب ہوا کسی کو نہیں پتہ کدھر گیا تھا وہ ان کی لاج رکھ رہا ہے بول نہیں رہا، آٹھ ستمبر کے جلسے پر اسٹیبلشمنٹ نے مجھے دھوکا دیا۔