اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر اداروں کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا اور دعوی کررہے ہیں اُن کے اراکین کو نقاب پوشوں نے گرفتار کیا۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا دعویٰ بے بنیاد ہے کیونکہ اُن کے اراکین کی گرفتاری کی ویڈیوز واضح ہیں جن میں پولیس اہلکار وردی میں نظر آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی کو فوبیا ہوگیا اور یہ خوف کا شکار ہیں اس لیے کوشش کرتے ہیں کہ ہر جگہ فوج کے ادارے کو گھسیٹ کر لے آئیں یا کسی ایجنسی کا نام لے لیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی کی فسطائیت تھی کہ کشمیر اور معیشت پر بات نہیں کرنی اور پھر وہ فیض کے ساتھ مل کر اپوزیشن کے ہر رہنما پر کیسز بنائے گئے، ہمارے رہنماؤں کو جھوٹے کیس میں بند کروا کے یہ شادیانے بجاتے تھے اور آج جب پولیس انہیں سچے کیسز میں پارلیمنٹ کے گیٹ سے گرفتار کررہی ہے تو یہ اسے جمہوریت کہہ کر الزام ایجنسیوں پر لگا رہے ہیں‘۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ایک جماعت نے ہمیشہ صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور اختلاف کرنے والوں کو ٹرولنگ کا نشانہ بھی بنایا، علی امین گنڈا پور کی حالیہ تقریر پر بانی پی ٹی آئی سے لے کر تمام رہنماؤں کو معافی مانگنی چاہیے اور اس بیان سے لاتعلقی اختیار کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کسی بھی رکن کی گرفتاری پارلیمنٹ کے اندر سے نہیں ہوئی اور اس حوالے سے ویڈیوز بھی موجود ہیں۔