لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو عہدے پر بحال کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی حکومت نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیخلاف درخواست دائر کی تھی ، لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں شہری اشبا کامران نے چیئرمین نادرا کی تقرری کو چیلنج کررکھا تھا۔
درخواست گزار کی جانب سے موٴقف اختیار کیا گیا تھا کہ نگراں حکومت نے نادرا قانون میں ترامیم کرکے حاضر سروس آرمی افسر کو تقرر کرنے کی منظوری دی، نگران حکومت مستقل پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نادرا ترمیمی رولز کو کالعدم قرار دے، اور حاضر سروس فوجی افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کالعدم قرار دے۔
یاد رہے کہ نگران وفاقی حکومت نے اکتوبر 2023 میں اس وقت جنرل ہیڈکوارٹز (جی ایچ کیو) میں تعینات آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔