اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کل پارلیمنٹ سے ہمارے ممبران قومی اسمبلی کو اٹھا کر ایوان کےتقدس کو پامال کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔ پی ٹی آئی کے لوگ بھی پاکستانی ہیں، دشمن نہیں ہیں نفرت پیدا مت کریں۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کل پارلیمنٹ پر تماشہ لگایا گیا، کل ایسا لگا ممبران پارلیمنٹ نہیں مجرم تھے، پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا گیا،جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہم سب کی ہے ، حکومتی جماعتوں نے اس کی مذمت نہیں کی، ایسا لگتا ہے حکومت عوامی نہیں ذاتی مفادات کی تگ و دو میں لگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فارم 47 والوں کی موجودگی کیوجہ سے واقعے کی مذمت نہیں کی گئی۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہورہی ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پُرامن احتجاج والی قانون سازی شرمناک تھی اس میں ہم سب استعمال ہوئے ہیں، ہم نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کے لیے کی گئی۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اجازت کے باوجود رکاوٹیں لگائی گئیں پھر بھی لاکھوں کا مجمع تھا، حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ بھی جلسہ کریں لوگ ہم بھیج دیں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ کنٹینرز لگانے سے لوگ تاخیر سے پہنچے جس سے جلسہ تاخیر سے ختم ہوا، جلسہ تھا سینما کا شو نہیں تھا جو وقت مقرر کررہے تھے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھی پاکستانی ہیں، دشمن نہیں ہیں نفرت پیدا مت کریں۔ ملک میں پھیلی بدحالی کا احساس کریں، ووٹ لینے جائیں گے تو سوچیں گے کہ بس فارم 47 ہی سہارا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ باہر کے تمام دوستوں نے یہی کہا ہے کہ سیاسی استحکام لائیں۔ اگر ہمیں دیوار سے لگانے سے خوشحالی آرہی ہے تو رکھیں ہمیں جیلوں میں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ بینکر ہیں اس لیے حقائق کی جگہ فگرز بتائے، فضول جگت بازی سے ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری چل نہیں رہی، ایکسپورٹس نہیں ہورہیں مان لیں آپ حکمرانی میں بری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں۔