اسلام آباد:قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان نے پارلیمنٹ ہاوٴس میں رات گئے پولیس داخل ہونے اور لائٹس بند کرکے ارکان کی گرفتاریوں کو پارلیمان پر حملہ قرار دے دیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت میں اسمبلی اجلاس ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بڑی مشکل سے پارلیمنٹ پہنچا ، رات کو بہت کچھ ہوا، کیا پارلیمنٹ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، جمہوریت اور سیاست میں گرفتاریاں ہوتی رہتی ہیں لیکن سیاستدانوں نے پہلے بھی اسی پارلیمنٹ میں پناہ لی تھی، کل کا دن جمہوریت کے لیے سیاہ دن تھا، نقاب پوش کون تھے جو ایوان میں آکر اراکین پارلیمنٹ کو اٹھا کر لے گئے، رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ کی لائٹیں بند کی گئیں، تحقیقات کریں وہ نقاب پوش کون تھے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ رات تین بجے نقاب پوش پارلیمنٹ کے کمروں میں بیٹھے ہوئے تھے، گراوٴنڈ فلور سے چوتھے فلور تک ایک ایک کمرہ چیک کیا گیا ، یہ پارلیمنٹ کا سیاہ ترین دن تھا، سارجنٹ ایٹ آمرز کو کہیں مجھے گرفتار کرلیں، مگر جو تذلیل کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے۔