اسلام آباد:بانی تحریک انصاف عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے درخواستوں پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب جمع نہ کرایا جا سکا اور عدالت نے جیل حکام سے ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر دوبارہ رپورٹ طلب کر لی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے استدعا کی کہ آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں ضمانت کی چار درخواستوں پر سماعت ہے، عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آئندہ کے لئے رکھ لی جائے۔
بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔