کراچی: حالیہ بارشوں کے بعد سندھ بھر میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال اب تک صوبے بھر میں ڈینگی کے کل 1220 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ کی رپورٹ کے مطابق اگست 2024 میں سندھ بھر میں ڈینگی کے کل 186 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے 170 کیسز صرف کراچی میں رپورٹ ہوئے۔
اس سال اب تک سندھ بھر میں ڈینگی کے کل 1220 کیسز درج کیے گئے ہیں، جن میں ایک ہلاکت بھی شامل ہے، کراچی ضلع شرقی میں اگست میں 79 اور سال 2024 میں مجموعی طور پر 349 کیسز رپورٹ ہوئے، کراچی ضلع وسطی میں اگست میں 29 اور سال میں 249 کیسز رپورٹ کیے گئے۔
کراچی جنوبی میں اگست میں 32 اور سال میں 204 کیسز منظر عام پر آئے ضلع غربی، ملیر، اور کورنگی میں اگست میں کیسز کی تعداد بالترتیب 9، 6، اور 10 رہی۔
رواں سال ضلع غربی سے ڈنگی کے 64،ضلع ملیر سے 47 اور کورنگی سے 87 کیسز رپورٹ ہوئے،ضلع کیماڑی سے اگست میں 5 جبکہ رواں سال مجموعی طور پر 69 کیسز سامنے آئے۔