اسلام آباد:ملک بھرکی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کا بحران سراٹھانےلگا، ملک کی 65 یونیورسٹیاں مستقل وائس چانسلر یا ریکٹر کے بغیر چل رہی ہیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق پنجاب کی 29، خیبرپختونخوا کی 22، بلوچستان کی 5، سندھ کی 3 یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلر نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی اور تعلیمی معاملات متاثر ہورہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں کی اکثریت عارضی بنیادوں پر چلنے سے کئی اعلیٰ تعلیمی امور کو بھی شدید دھچکا لگا ہے، ایچ ای سی کی بار بار یاد دہانی بھی صوبوں کیلئےغیر مؤثررہی، پنجاب میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کیلئے کمیٹی یکم جون کو بنائی گئی۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں اگلے ہفتے تک تعیناتیوں کا امکان ہے، خیبرپختونخوا میں گورنراوروزیراعلیٰ کی رسہ کشی مستقل تعیناتیوں میں بڑی رکاوٹ ہے۔