راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈ میں اشتہاری ملزم قرار دیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کی جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نیب راولپنڈی نے زلفی بخاری کے خلاف احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ زلفی بخاری عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے کے بجائے جان بوجھ کر رو پوش ہوگئے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے درخواست میں کہا کہ مسلسل عدم حاضری پر زلفی بخاری کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ زلفی بخاری کی اسلام آباد میں سات کینال اور اٹک میں 1300 کینال اراضی ضبط کرنے کا حکم دیا جائے، زلفی بخاری نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے شریک ملزم ہیں لیکن مسلسل عدم حاضری پر عدالت نے انہیں اشتہاری ملزم قرار دے رکھا ہے۔