کراچی: سمندری طوفان اسنیٰ کا فاصلہ کراچی سے مزید بڑھ گیا اور اب یہ شہر کے جنوب مغرب سے 370 کلومیٹرکی دور ہوگیا جس کے بعد گرج چمک کےساتھ موسلادھاربارشوں کا امکان ختم ہوگیا، تاہم اتوار اور پیر کو درمیانی و ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب کے اوپر موجود سمندری طوفان کے حوالے سے ہفتے کی رات آٹھواں الرٹ جاری کیا، جس کے مطابق سمندری طوفان اسنیٰ کا فاصلہ کراچی سے مزید بڑھ گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب میں 370کلومیٹرکی دوری پرموجود ہے، جبکہ اس کا اوڑماڑہ سے فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ یہ گوادر سے 260 کلومیٹر کی مسافت پر ہے۔ ۔
الرٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سمندری نظام مزید مغرب، جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا، جس کے باعث بلوچستان کے علاقوں لسبیلہ، آواران، اوڑماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، پنجگور اور گرد و نواح میں اتوار کی رات تک بارش کا امکان ہے جبکہ شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے سبب ناہموار/بہت ناہموار رہنے کا امکان ہے۔ جس کے باعث بلوچستان کے ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم ستمبر کی رات تک کھلے سمندر میں نہ جائیں جبکہ سندھ کے ماہی گیر اتوار سے سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس سسٹم کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے اور اسی کے مطابق اپ ڈیٹ جاری کرے گا۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اتوار اور پیر کو کراچی میں درمیانی و ہلکی بارشوں جبکہ کہیں کہیں پھوار، بونداباندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روزکے دوران شہر کا کم سے کم پارہ 23 تا 25 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنےکا امکان ہے۔