پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) میں بارشوں سے وسیع پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں اور ضلع اپر دیر میں واقع کمراٹ ویلی میں پھنسے ہوئے 200 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
محکمہ سیاحت و ثقافت کے پی نے تصدیق کردی ہے کہ وادی کمراٹ میں پھنسے ہوئے 200 سیاحوں کو کامیابی سے نکال لیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے بیان میں کہا گیا کہ کمراٹ میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے پھنسے ہوئے سیاحوں کو خراب موسم کی وجہ سے مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تھا اور آج (31 اگست) کمراٹ کا موسم بہتر ہونے پر متعلقہ حکام کی ہدایت پر انہیں بحفاظت ریسکیو کرکے تھل بازار سے براستہ باڈگوئی کالام اور کلکوٹ روانہ کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو کھانے سمیت تمام سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں اور تمام درکار مدد فراہم کی جا رہی ہے اور کارروائی میں مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا آپریشن تحصیل مدین میں موسلادھار بارش کی وجہ سے گھر گرنے کے واقعے کے بعد شروع کردیا گیا ہے جہاں ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔