راولپنڈی :18 اور 19 اگست کی رات کو سیکیورٹی فورسز نے مستونگ ضلع میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ تین دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور 12 اگست 2024 کو ڈپٹی کمشنر پنجگور، ذاکر علی کی شہادت کے بھی ذمہ دار تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آج کے آپریشن نے اس گھناوٴنے فعل کا بدلہ لے کر مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پْرعزم ہیں۔