راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اولمپئن ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے اعزاز میں آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں ایک تقریب کی میزبانی کی۔
اس شاندار تقریب میں اسپورٹس ٹیموں اور مشہور اولمپئنز نے شرکت کی، جن میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیمیں، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ اور خواتین گول بال ٹیمیں، کامن ویلتھ، سیف اور ایشین گیمز کے میڈل جیتنے والے اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاء شامل تھے۔
اس تقریب میں جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق نے بھی شرکت کی، اس تقریب میں ارشد ندیم کے قریبی رشتہ دار، ساتھی اور کوچز بھی موجود تھے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے ارشد ندیم کی پاکستان کے پہلے سنگلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے کی شاندار کامیابی کو سراہا۔
آرمی چیف ںے ان کے عزم، ثابت قدمی اور بہترین کارکردگی کا ثمر قرار دیا۔
انہوں نے ارشد ندیم کی متاثر کن جدوجہد کا ذکر کیا جو انہوں نے معمولی آغاز سے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے کی۔
آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر کے طور پر تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قابل فخر انداز میں سراہا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور تفریح کو صحت مند اور خوشحال معاشرے کے لازمی اجزاء کے طور پر اجاگر کیا۔
اس موقع پر ارشد ندیم نے پاکستانی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے محنت، مثبت سوچ اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔