لاہور: پاکستان تحریک انصاف صوبہ پنجاب کے صدر حماد اظہر نے اپنے عہدے سے ایک بار پھر استعفیٰ دے دیا۔ پی ٹی آئی کے رپوش رہنماء پارٹی میں لابنگ اور بانی چیئرمین عمران خان کے فیصلوں سے دلبرداشتہ ہوکر مستعفی ہوئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا “کافی عرصے سے لابنگ جاری تھی کہ لاہور کے صدر چوہدری اصغر کو بدلا جائے۔ آج وہ کامیاب ہو گئے اور خان صاحب کو غلط حقائق دے کر ہدایت حاصل کر لی”۔
حماد اظہر کا کہنا تھا “میرے قلم سے یا میری پنجاب کی صدرات کے دوران میرے لئے یہ ممکن نہیں کہ میں میرٹ پامال کروں اور وہ لوگ جو پرفارم کر رہے ہیں اور قربانیاں بھی رقم کر رہے ہیں ان کو صرف اس لئے ڈی نوٹیفائی کر دوں کہ ان کی آواز خان صاحب تک پہنچ نہیں سکتی”۔
انہوں نے کہا پنجاب کی تنظیم میں بہت سارے ایسے فیصلے ہوئے جن پر نہ تو میری رائے شامل تھی اور نہ ہی رضامندی۔ ان میں اکثر فیصلے ایسے بھی تھے جن پر میرٹ کی بجائے لابنگ اور عمران خان کو پہنچائی گئی یکطرفہ معلومات اثرانداز ہوئی۔
حماد اظہر نے مزید کہا پارٹی کی قیادت بھی میرے ساتھ متفق ہے کہ یہ فیصلہ اور ایسے بہت سے فیصلے صرف اور صرف خان صاحب تک محدود رسائی کے نتیجے میں لئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے معاملات ہیں جہاں واضح طور پر زیادتی ہوئی، غلط فیصلے کروائے گئے اور کچھ ریجنز میں ہمارے رہنما بہت پریشان ہیں لیکن خان صاحب تک اطلاع نہیں۔
حماد اظہر نے کہا میں نے پہلے بھی استعفیٰ اسی وجہ سے دیا تھا کہ پارٹی چیئرمین سے رسائی کے بغیر معاملات کسی کے لئے بھی چلانا ممکن نہیں۔ ایسے صورت میں مفادپرست اس رابطے کے فقدان کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ بڑی تنظیمی ذمے داری صرف ان لوگوں کے پاس ہونی چاہیئے جن کی پارٹی لیڈر تک رسائی ہو تاکہ وہ پارٹی چیئرمین تک پوری بات پہنچا سکیں۔
حماد اظہر نے کہا میں آج سے پنجاب کی صدارت کا چارج چھوڑ رہا ہوں۔ عمران خان کا ایک کارکن تھا اور رہوں گا۔
واضح رہے کہ حماد اظہر نے کچھ عرصہ پہلے بھی پی ٹی آئی پنجاب کی صدارت سے استعفی دیا تھا۔ بدھ کے روز پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حافظ فرحت عباس بھی عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔