اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے اسلام آباد میں خواتین کے لیے مفت پنک بس سروس کی سہولت متعارف کرادی ہے جس کا باقاعدہ آغاز 7 اگست کو ہوگا۔
وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 7 اگست سے اسلام آباد میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مخصوص پنک بسیں دستیاب ہوں گی۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ پنک بسیں شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر چلیں گی،اسلام آباد کے گردونواح کے دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑ کر ان کے مابین سفر کو آسان اور محفوظ بنائیں گئیں۔
خواتین کے لیے مخصوص بس سروس کے بارے میں بتایا گیا کہ طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مفت اور محفوظ اور آسان نقل و حمل کے لیے وقف کی گئی بسیں تیز رفتار اور کم وقت میں بہترین سفر اور رسائی یقینی بنائیں گی۔
پنک بسیں اسلام آباد کے تمام بڑے روٹس پر چلیں گی، جس کا مقصد دیہی علاقوں کو شہری مراکز بشمول تعلیمی اداروں سے جوڑنا ہے اور وقف شدہ بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی، بہترین اور بلا تعطل سروس یقینی بنانے کے لیے مربوط نگرانی پر عمل درآمد ہوگا۔
وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے اس حوالے سے بتایا کہ وزارت تعلیم اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کے فروغ اور سب کے لیے ایک محفوظ اور معاون ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔