واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ انتخابات میں ٹرمپ کو ضرور شکست دیں گی، ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں۔ ملک کو متحد رکھنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ قیادت نئی نسل کو سونپی جائے۔
نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن سے دستبرداری کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ملک کو متحد رکھنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ قیادت نئی نسل کو سونپی جائے اور یہ صحیح وقت ہے، پارٹی کے اتحاد کیلئے صدارتی دوڑ سے دستبردار ہوا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ سیاہ فام خاتون کو صدر کیلئے اْمیدوار نامزد کیا، کملا ہیرس تجربہ کار اور مضوط اْمیدوار ہیں، ان میں ملک اور پارٹی کو متحد رکھنے کی صلاحیت ہے، انتخابات میں ٹرمپ کو ضرور شکست دیں گی، ہمیں ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں کسی قسم کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، جمہوریت کی بقا اور دفاع سب سے زیادہ اہم ہے، میں نے امریکی عوام کے مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کیا، سپریم کورٹ کی اصلاحات ہماری جمہوریت کیلئے ضروری ہیں۔
جوبائیڈن نے قوم سے خطاب میں مزید کہا ہے کہ امریکا اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اگلے چند مہینے ملک، قوم اور دنیا کی قسمت کا فیصلہ کریں گے، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم اب بھی ایمانداری، شائستگی، احترام، آزادی، انصاف اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں؟۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ اس موقع پر ہمیں اپنے ساتھ اختلاف کرنے والوں کو دشمن کے بجائے ہم وطن امریکی کے طور پر دیکھنا ہوگا، کیا ہم یہ کر سکتے ہیں؟، اپنی صدارت کی بقیہ مدت بطور صدر اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھوں گا۔
انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ مغوی اسرائیلیوں کی محفوظ واپسی کیلئے کوشاں ہیں، چاہتے ہیں کہ غزہ جنگ کا خاتمہ اور مشرق وسطیٰ کا جلد امن بحال ہو، ولادیمیر پیوٹن کو بھی کسی صورت یوکرین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔