بنوں:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں حالات معمول پر آگئے، کاروبار اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، شہر اور گرد و نواح میں موبائل سروس بحال کر دی گئی۔
بنوں واقعے پر قائم 40 رکنی جرگہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ گیا، جہاں علی امین گنڈاپور سے 16 نکاتی ایجنڈے پر بات ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور جرگے کے نکات پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کو پرامن اجتماع ہوا، مظاہرین کی آڑ میں کچھ شرپسندوں نے پتھراؤ کیا، ڈپو کی منہدم دیوار کی جگہ قائم خیموں کو آگ لگائی، چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کیا گیا۔
پولیس نے انہیں وہاں سے نکالنے کی کوشش کی، اس دوران ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور 25 زخمی ہوئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں تمام مسلح افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا، امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔