پشاور: پولیس اور سی ٹی ڈی کی ناقص تفتیش کے سبب خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مقدمات میں نامزد 195 ملزمان مقدمات سے ڈسچارج ہوگئے۔
پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ نے یکم جنوری 2024ء سے 24 مئی 2024ء تک کے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق 191 ملزمان پروفارما بی کے تحت ڈسچارج کردیے گئے۔
پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چار ملزمان کو عدالتوں نے عدم شواہد کے بنا پر 265 ڈی کے تحت مقدمات سے خارج کیا، پشاور میں 81 ، مردان میں 55 اور لوئر دیر میں 29 ملزمان کو شواہد نہ ہونے کے بنا پر مقدمات سے خارج کیا گیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق کوہاٹ میں 14 ، بنوں میں 8 ، ڈی آئی خان میں چار اور سوات اور بونیر کے اضلاع میں دو دو ملزمان دہشت گردی کے مقدمات سے ڈسچارج کردیے گئے، مقدمات میں نامزد ملزمان کے خلاف شواہد اور ثبوت نہیں ملے، شواہد اور ثبوت نہ ہونے کے باعث ملزمان کے خلاف ٹرائلز نہیں چلائے جا سکتے۔