لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے 10 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی۔
صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 23 سکیموں کی منظوری دی گئی، فنڈز کی منظوری مالی سال 25-2024 کے چوتھے اجلاس میں دی گئی، ایگریکلچر اور روڈز سیکٹر کی 23 سکیموں کیلئے 77 ارب روپے کے فنڈز منظور کئے گئے۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں پنجاب میں ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کیلئے 1 ارب 25 کروڑ کی منظوری دی گئی، پنجاب کے مختلف اضلاع میں روڈز سیکٹر کی 21 ترقیاتی سکیموں کیلئے 67 ارب منظور کئے گئے۔
منظور شدہ فنڈز سے مری، گجرات اور حافظ آباد میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی، راولپنڈی، چکوال، اٹک، جہلم کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی بھی منظوری دی گئی، روڈز کی بحالی کے پروگرام میں خوشاب، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع شامل ہیں۔
صوبائی ورکنگ پارٹی نے نارووال، قصور، پاکپتن اور چنیوٹ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز منظور کئے، اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے شرکت کی، سیکرٹری ایگریکلچر افتخار علی سہو، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے بھی شرکت کی۔
ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔