اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پلان ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو باہر نہیں آنے دینا۔بانی پی ٹی آئی اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو جائے عمران خان نہیں جھکے گا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا کہ نیب ترمیم کیس سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے خط لکھا ہے، ہم نے کئی بارکہا چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہمیں انصاف نہیں ملے گا، ہم نے کئی بار کہا تحریک انصاف کے کیسز سے الگ ہوجائیں۔
رؤف حسن نے کہا کہ خط میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کو ہمارے کسی کیس کا حصہ نہیں ہونا چاہئے، بانی پی ٹی آئی نے مجبور ہو کر یہ خط لکھا ہے، اب ہم نے دیکھنا ہے قاضی فائزعیسیٰ، جسٹس عامرفاروق خود کو کیسز سے الگ کرتے ہیں یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ عدت کیس کا فیصلہ آرہا تھا جج پر پریشر ڈال کر اس کو کیس سے الگ کروا دیا گیا، بانی پی ٹی آئی اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو جائے عمران خان نہیں جھکے گا، عدالتیں پریشر کے بجائے انصاف پر مبنی فیصلے کریں، پاکستان اس وقت تباہی کے دہانے کھڑا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ میں تو کہتا ہوں توہین عدالت میں مجھے بلایا جائے، جسٹس عامرفاروق کے سامنے سچ بولوں گا، اگر یہ بینچز سے خود کو الگ نہیں کرتے تو پھر ہماری لیگل ٹیم فیصلہ کرے گی۔