اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک بھر سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلیے آپریشن عزم استحکام کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عزم استحکام کا معاملہ زیر غور آیا، جس میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور اراکین نے تحفظات کے باوجود آپریشن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر عزم استحکام آپریشن کی حمایت کی جبکہ پی پی نے حکومت کو آپریشن کے حوالے سے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی پی قیادت نے واضح کیا کہ عزم استحکام آپریشن پر فریقین کو اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہیں، پی پی کے تحفظات پر حکومت نے فریقین کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی قومی سطح کے فیصلے مشاورت سے کرنے کی خواہش مند ہے اور انسداد دہشت گردی کے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے کیونکہ ملک اور عوام پیپلزپارٹی کی روز اول سے اولین ترجیح رہے ہیں۔