اسلام آباد: ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی پر حکم امتناع جاری کردیا۔
اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے نئے ٹریبونل کے خلاف کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے نئے ٹریبونل کو کام کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر لیگی رکن قومی اسمبلی انجم عقیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے 24 جون کوپیش ہونے کا حکم دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹربیونل تبدیلی کی درخواست میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔ وکیل کے مطابق درخواست میں استعمال کی گئی زبان توہین آمیز اور اسکینڈلائز کرنے کے کوشش تھی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے ٹریبونل تبدیلی کی لیگی ایم این ایز کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹریبونل منتقلی کی ہدایات جاری کی تھیں۔