اسلام آباد: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی )اور چین کی مارکیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان پہلی بین الاقوامی مفاہمت کی یاداشت کا معاہدہ طے پاگیا۔
سی سی پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمپٹیشن کمیشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن (ایس اے ایم آر) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس مفاہمت نامے کا مقصد کمپٹیشن قانون اور پالیسی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا ہے۔
سی سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد اور نائب وزیر گان لِن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تحقیقی منصوبوں پر تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
مفاہمت نامے میں دو طرفہ ملاقاتوں، تربیتی پروگراموں، ورکشاپس، تحقیقی تعاون اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے تعاون کے لیے ایک فریم ورک کا خاکہ پیش کیا گیا۔
مفاہمت نامے کا مقصد کمپٹیشن قانون کے مو’ثر نفاذ کو یقینی بنانا ہے، جو کہ مارکیٹ کی کارکردگی اور صارفین کی بہبود کے لیے اہم ہے۔