کراچی:جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے خاتون عازم حج کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپناتے ہوئے شک کی بنیاد پر سر کے بال کاٹ دیے۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کا ایک اور ہتک آمیز رویہ سامنے آگیا، جہاں اے ایس ایف کی خواتین اہلکاروں نے خاتون عازم حج کے شک کی بنیاد پر بال کاٹ دیے۔
متاثرہ عازم سیما بانو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج کیلیے روانہ ہوئیں اور اے ایس ایف کے اسکینر پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی تاہم اے ایس ایف کی خاتون اہلکار رضوانہ نے شک کی بنیاد پر سیما بانو کو روکا اور کمرے میں لے جاکر ساتھی اہلکاروں کے ساتھ اُن کی جامع تلاشی لی۔
اے ایس ایف اہلکار نے چیکنگ کے دوران مسافر سیما بانو کے سر کے بال کاٹ دیے اور پھر انہیں دوبارہ اسکینر سے گزارا تو کوئی مشکوک چیز سامنے نہیں آئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اے ایس ایف اہلکار کو خاتون کے بالوں پر شک ہوا تھا۔
ادھر انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی پی) نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائیرپورٹ سکیورٹی کی اہلکاروں کی جانب سے خاتون مسافر کے بال کاٹنا عزت نفس کو مجروح کرنا اور پرائیویسی کی سنگین خلاف وزری ہے۔
اپنے بیان میں انسانی حقوق کمیشن نے کہا کہ خاتون مسافر کے زبردستی بال کاٹنے کا عمل سمجھ سے باہر اور اسے کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، ایسا اقدام سرکشی اور پدرانہ ذہنیت کی عکاس ہے جو خواتین کے حقوق کی صریحا بے حرمتی ہے۔
خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ یکم جون کو پیش آیا تھا جس کی اب باز گشت سامنے آنے کے بعد ایئرپورٹ ذرائع نے بھی تصدیق کردی ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ خاتون اہلکار کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔