اسلام آباد:مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ دوبارہ بھڑک اٹھی، سی ڈی اے کے فائر فائٹرز دوبارہ آگ بجھانے میں مصروف ہو گئے۔
اس سے قبل پاک فوج اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے مارگلہ ہلز پر لگی آگ بجھانے کا آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا تھا اور پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز کی مدد سے آگ کو بجھا دیا گیا تھا۔
فائر فائٹرز کو تیز ہوا کے باعث مارگلہ ہلز پر لگی آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ کو جلد بجھانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی، وزیرِ اعظم کی ہدایت پر مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرز کو آگ بجھانے کے آپریشن میں شامل کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آگ پر جلد سے جلد قابو یقینی بنایا جائے، یہ امر بھی یقینی بنایا جائے کہ آگ سے کسی انسانی جان کو نقصان نہ پہنچے، جس قدر ہو سکے جنگلی حیات کا تحفظ بھی ممکن بنایا جائے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے نے مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے ہیلی کاپٹرز مہیا کرائے، آگ چار مختلف مقامات پر لگی ہوئی تھی زمینی رابطہ نہ ہو نے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق 6 ایوی ایشن سکوارڈن اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے آگ بجھانے ميں معاونت کی، تین مقامات پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، اندھیرا ہونے تک ہیلی آپریشن جاری رہا۔