اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کرتے ہوئے پیٹرول 15 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 88 پیسے فی لیٹر سستا کردیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔
وفاقی حکومت نے ایک ماہ کے دوران مسلسل دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے، اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 288 روپے 49 پیسے فی لیٹر سے کم ہوکر 273 روپے 10 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، جبکہ ڈیزل کے نرخ 281 روپے 96 پیسے سے کم ہوکر 274 روپے 8 پیسے فی لیٹر ہوگئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے.
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا جو آئندہ 15 روز تک برقرار رہیں گی۔