گلگت :گلگت بلتستان دیا مر میں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 20بیس افراد جاں بحق جبکہ 21 مسافر زخمی ہوگئے ۔تمام زخمیوں اور لاشوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق اور ایس پی دیامر نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ علی الصبح 6 بجے کے قریب ضلع دیامر کے علاقے گونر فارم یشوکل داس میں پیش آیا ، نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس اسلام آباد سے گلگت جا رہی تھی جس میں کل 35 مسافر سوار تھے، موڑ کاٹتے ہوئے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری ہے۔
موقع پر عوام علاقہ ، ریسکیو 1122 اور جی بی سکاوٹس کے اہلکاروں نے زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر ریجنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کرنا شروع کیا۔ جبکہ چلاس کے عوام کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے بھی پہنچ گئی۔
ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا فوری طور پر علاج شروع کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے نعشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں بھیجنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی، وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کیضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمی افراد کو جلد صحتیاب فرمائے۔