اسلام آباد:کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیاجبکہ آج انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
مثبت معاشی اشاریوں و توقعات سے 100 انڈیکس نے نیا تاریخ ساز ریکارڈز قائم کرلیا۔ کاروبار کے آغاز میں ہی ہنڈریڈ انڈیکس نے 73 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کرلی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی 403 پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 73000پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرلی۔ 100 انڈیکس بڑھ کر 73099پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ میں 771 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 72 ہزار 742 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 12 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے ساتھ انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔