ہرنائی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنادی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرے زخمی ہوگیا ۔
آئی ایس پی آرکے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں 27 اپریل کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے ہرنائی میں سنجاوی روڈ پر مسافر گاڑیاں روکنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور معصوم جانیں بچ گئیں تاہم علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کا امکان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔