پشاور:خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 63 افراد جاں بحق جبکہ 78 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 33 بچے 15 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ زخمیوں میں 37 مرد، 24 بچے اور 17 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 3 ہزار 202 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 477 گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 2 ہزار 725 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث صوبے بھر میں 27 سکولوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیلاب اور بارش سے 355 جانور بھی متاثر ہوئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے 110 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع کیلئے 90 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔