حب: حب حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 18 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم پی اے ریاض شاہ شیرازی اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
درگاہ شاہ نورانی المناک حادثے میں جاں بحق 18 افراد کی میتیں ٹھٹھہ میں گاوٴں قاسم جوکھیو پہنچائی گئیں، میتوں کی تدفین کے حوالے سے مقامی قبرستان میں اجتماعی قبر تیار کی گئی جہاں تمام میتوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کردی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحومین کے لواحقین کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا، مرنے والوں میں 14 افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے، جاں بحق افراد کی عمریں 15 سے 55 سال کے درمیان ہیں۔
دوسری جانب شاہ نورانی حادثے کا شکار افراد کی حادثے سے پہلے کی ویڈیو سامنے آگئی جو کہ متاثرہ افراد نے حادثے سے پہلے بنائی تھی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہنستے مسکراتے یہ نوجوان عید کے موقع پر زیارت کے لیے درگاہ جارہے تھے، نئے کپڑے زیب تن کیے عید کی خوشیاں سمیٹنے کا یہ سفر ماتم میں بدل گیا، کسے معلوم تھا کہ موت ان کا تعاقب کررہی ہے۔
حادثے کا شکار افراد کے ساتھ آنے والے مقصود جوکھیو نے بتایا کہ ہم لوگ موٹر سائیکلوں پر آرہے تھے،جبکہ متاثرہ افراد 2 ٹرکوں پر نورانی آرہے تھے، ہم نورانی کے مزار پر پہنچے تو اطلاع ملی ٹرک کو حادثہ پیش آیا۔
خیال رہے ٹرک حادثے میں زخمیوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جن میں متعدد کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔