لاہور: محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے شہری کئی ماہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرے پر جانا تھا، رمضان ختم ہونے کو ہے پاسپورٹ نہیں ملا۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ بروقت فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا۔
ساڑھے 5 لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں رہائش پذیر سینکڑوں پاکستانی پاسپورٹ کے انتظار میں کئی ماہ سے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔حج اور عمرہ پر جانے کے خواہش مند بھی پاسپورٹس بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی کرب کا شکار ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بنا کر دے رہا ہے، 3 ماہ ہو گئے ابھی تک پاسپورٹ نہیں ملا، رمضان المبارک میں عمرے پر جانا تھا، رمضان ختم ہونے کو ہے پاسپورٹ نہیں ملا۔
ادھر پاسپورٹ حکام نے کہا ہے کہ انک اور لیمینشن پیپر کا سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، دونوں اشیا آ چکی ہیں جس کے بعد اب جون تک تمام پاسپورٹ کلیئر ہو جائیں گے۔