راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی اور اس دوران دو دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 19 اور 20 مارچ کی درمیانی شب کو سیکورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور دیگر دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا اور مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔