لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے کی وجہ بتا دی،کہتی ہیں میری خواہش تھی کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسی شخصیت بنا دے جس کی وہ خواہش کرتا ہے۔
حال ہی میں سارہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سے دوری سے متعلق کھل کر اظہار خیال کیا۔
پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سارہ چوہدری کا کہنا تھا کہ میرے والدین ہمیشہ سے اسلام کی طرف مائل رہے اور ہمیشہ نماز و قرآن پر زور دیتے تھے، والد نماز کے بارے میں کافی سخت تھے، وہ مجھ سے روزانہ نماز کے بارے میں پوچھتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا رجحان بھی مذہب کی طرف تھا اور اپنی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتی تھی، میری خواہش تھی کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسی شخصیت بنا دے جس کی وہ خواہش کرتا ہے۔
شوبز انڈسٹری سے دوری سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری جوان خالہ 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں جس کے بعد میں نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا، یہ میرے لیے حیران کن تھا، میرے خاندان کی طرف سے عائد پابندیاں بھی میری روحانی تبدیلی کا باعث بنیں۔
انڈسٹری میں قدم رکھنے حوالے سے سارہ چوہدری نے بتایا کہ میں نے اپنے والدین کی مدد کے لیے شوبز میں شمولیت اختیار کی تھی کیونکہ میں ہمیشہ سے چاہتی تھی کہ ہمارے پاس گھر اور بنیادی سہولیات ہوں۔