کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن گزری میں قائم فلیٹ سے چینی باشندے کی کئی روز پرانی تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزری میں قائم فلیٹ کے مکینوں نے شدید تعفن پر پولیس کو مطلع کیا جس پر نفری نے وہاں پہنچ کر پہلے دروازہ دروازہ کھٹکھٹایا اور نہ کھلنے پر اسے توڑ دیا۔
فلیٹ کے اندر غیر ملکی باشندے کی کئی روز پرانی لاش پڑی ہوئی تھی جس میں سے تعفن اٹھ رہا تھا، پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقتل کردیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کے مطابق متوفی کی شناخت 55 سالہ چین شین کے نام سے ہوئی ہے وہ اپر گزری کے علاقے فلیٹ میں تنہا رہتا تھا اور پرائیویٹ کام کرتا تھا، جمعے کی شام کو علاقہ مکینوں نے پولیس کو شکایت کی مذکورہ فلیٹ سے تعفن اٹھ رہا ہے تو کلفٹن پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا کہ دروازہ اندر سے بند ہے پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر جاکر دیکھاکہ چین شین کی لاش بستر پر پڑھی تھی اور گھر سے تعفن اٹھ رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر کرائم سین کی ٹیم کو بلایا جس نے موقع پر پہنچ شواہد اکٹھا کیے اور فلیٹ کی کھڑیاں کھول کر دروازہ بند کردیا ۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا چینی باشندہ فلیٹ کے کسی مکین سے بات چیت نہیں کرتا اور اپنا کام سے کام رکھتا تھا، وہ دو سال سے اسی فلیٹ میں رہائش پذیر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جناح اسپتال سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوادی پولیس واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔
اس ضمن میں پولیس نے وزارت خارجہ اور چینی سفارت خانے کو بھی مطلع کردیا ہے تاکہ لاش کی واپسی یا آخری رسومات کے حوالے سے مزید کارروائی جلد از جلد عمل میں لائی جاسکے۔