کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے گمشدگی کے بعد باحفاظت بازیاب ہونے والے بہن بھائی ایان اور انابیہ کی کفالت اور تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا۔
نارتھ ناظم آباد سے گمشدگی کے بعد برآمد ہونے والے 12 سالہ ایان اور گیارہ سالہ انابیہ گورنر سندھ کی دعوت پر گورنر ہاؤس میں افطار پر پہنچے جہاں دونوں سے کامران ٹیسوری نے ملاقات کی۔
گورنر سندھ نے دونوں بچوں کی خیریت دریافت کی اور اُن کی مکمل کفالت و تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایسے تمام بچے جن کے والدین میں علیحدگی ہوگئی ہے وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایچ سے ایان اور انابیہ رات کو بارہ بجے کے قریب لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد وہ اگلے دن دوپہر تین بجے ملے تھے۔