لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان صوبہ بھر کے 18 شہروں میں سمارٹ سیف سٹیز بنانے کا معاہدہ طے پا گیا۔
پنجاب کے 18 شہروں میں این آر ٹی سی کی معاونت سے سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگائے جائیں گے۔
سمارٹ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹ کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی موجود گی میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے، سیف سٹی اتھارٹی کی طرف سے ایم ڈی احسن یونس اور این آر ٹی سی کے نمائندے سید عامر جاوید نے دستخط کیے۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18 شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ انوائرمنٹ سینسر بھی لگائے جائیں گے، گجرات، جہلم، شیخوپورہ، اوکاڑہ ،اور ٹیکسلا میں سیف سٹی پراجیکٹ مئی کے آخر میں فعال ہوں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملتان ،بہاولپور ،سرگودھا رحیم یارخان، مظفرگڑھ، ساہیوال، جھنگ، اٹک، حسن ابدال ،ڈی جی خان، سیالکوٹ، مری، اوکاڑہ اور میانوالی میں سمارٹ سیف سٹیز رواں برس مکمل ہوں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔