کینساس:امریکہ میں 1923 میں بنائی گئی ایک خاموش فلم کی ایک صدی کے بعد گمشدہ ریل نیلام گھر سے دریافت ہوگئی، فلم عوامی نمائش کے لیے جلد پیش کی جائے گی۔
امریکی شہر کینساس سٹی سے تعلق رکھنے والے گیری ہگنز کے مطابق وہ گزشتہ برس نایاب فلموں کی تلاش میں ریاست نیبراسکا کے شہر اوماہا میں ہونے والی نیلامی میں گئے۔
گیری ہگنز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوماہا میں ایک ڈسٹریبیوٹر موجود تھا جس کی کچھ فلمیں اس نیلام گھر میں موجود تھیں، لہٰذا وہ وہاں صرف یہ دیکھنے گئے کہ وہاں کیا کیا ہے۔
انہوں نے 20 ڈالر کے عوض فلم ریلز کا گٹھا خریدا جس میں ایک ریل پرانے کارٹون کی تھی، جسے دیکھ ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ 20 ڈالر اب تک کی سب بہترین خرچ کی گئی رقم تھی،جب میں نے اپنے پروجیکٹر پر ان ریلوں کو چلایا اور وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس میں خاموش فلموں کے دور کے بڑے ستاروں میں سے ایک کلیرا باؤ موجود تھیں۔