اسلام آباد:پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2024 کی اختتام پذیر ہو گئی جس میں لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 2024 کی اختتامی تقریب کا انعقاد کراچی میں کیا گیا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ تقریب میں ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) نے مشق کی سرگرمیوں کے تناظر میں مروجہ حکمت عملی سے متعلق سفارشات بھی پیش کیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سی سپارک مشق کے دوران پاک بحریہ کے تمام جنگی اثاثے بشمول بحری و فضائی جہاز، آبدوزوں، ائیر ڈیفنس ریڈارز نے جنگ کے تناظر میں عملی اقدامات، لائیو میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ مشق کے دوران دشمن کے بحری بیڑے کو سمندر میں جوائنٹ آپریشن کے ذریعے نشانہ بنانے کی تربیت بھی دی گئی جبکہ پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ پی ایم ایس اے، پاکستان آرمی ، پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے جنگی اثاثوں سمیت جوائنٹ آپریشنز میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف نے آپریشنل تیاریوں اور مشق کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا، مشق سی سپارک کی اختتامی تقریب میں متعلقہ وزارتوں اور افواج پاکستان کے اعلی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔